ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اُترکنڑا میں فورلین تعمیراتی ٹھیکے دار کمپنی کی خامیاں : شاہراہ پر جمع ہورہاہےپانی، سواریوں کوپریشانی اور عوام کےلئے مشکلات

اُترکنڑا میں فورلین تعمیراتی ٹھیکے دار کمپنی کی خامیاں : شاہراہ پر جمع ہورہاہےپانی، سواریوں کوپریشانی اور عوام کےلئے مشکلات

Wed, 06 Jul 2022 20:05:43    S.O. News Service

کاروار:6؍ جولائی(ایس اؤ نیوز)اترکنڑا ضلع سے گزرنے والی قومی شاہراہ 66کو فورلین میں منتقل کرنےکا تعمیراتی ٹھیکہ دار کمپنی آئی آر بی کی تعمیراتی کاموں میں جو کمیاں اور خامیاں ہوئی ہیں اب بارش کے موسم میں کئی ساری پریشانیوں اور خلل کا موجب بنتی جارہی ہیں۔ فورلین کے تعمیری کام مکمل نہ ہونےکے باوجودباقاعدگی کے ساتھ  ٹول فیس حاصل کرنے والی کمپنی  آفتوں کے متعلق خاموش نظر آرہی ہے۔

انکولہ تعلقہ کے بیلسے میں مجوزہ برج کی تعمیر گذشتہ دو برسوں سے ادھوری رہنے سے پاس کی زرعی زمین مکمل زیر آب ہوگئی ہے۔ بیلسے میں بہنے والے نالے میں کمپنی نے مٹی، پتھر بھرنے کی وجہ سے پانی زرعی زمین پر پھیلتا جارہاہے، جس زرعی زمین پر دھان کی فصل ہونی تھی وہاں جمع ہوئے گدلے پانی میں کمل کے پھول کھلے ہوئے دیکھے گئے۔ کمپنی کی غیر ذمہ دارانہ حرکت پر عوام برہمی کا اظہار کررہےہیں۔

زیر تعمیر برج سے رابطہ پیدا کرنےو الی سڑک کی تعمیر بھی ڈھنگ سے نہیں ہونےکی وجہ سے جمع ہواپانی ،چھوٹے سے ڈیم کی شکل اختیار کرگیا ہے۔ متعلقہ زرعی زمین پر برس میں دو فصلیں کاشت کی جاتی تھیں پچھلے تین چار سالوں سے زمین بنجر ہوگئی ہے کسان خون کے آنسو رورہے ہیں۔ جب برج کی تعمیر کامنصوبہ پیش کیا گیاتھاتو اس وقت کے عوامی نمائندے نے متعلقہ افسران کو بتایا تھا کہ یہ برج کی تعمیر غیر سائنٹفک ہے اس کو تبدیل کریں یا منتقل کریں۔ اس وقت کی اسسٹنٹ کمشنر لکشمی پریا نے ’آئی آربی کمپنی بہترین ٹکنالوجی  پر مشتمل برج کی تعمیر کرے گی اورمیں خود اس کی نگرانی کرونگی ، عوام کو برج سے کوئی پریشانی نہیں ہونےکی بات کہی تھی۔ لیکن برج کی تعمیر میں جو خامیاں رہ گئی ہیں اس سے کئی ساری پریشانیاں لاحق ہورہی ہیں۔ دوسری طرف کمپنی کے افسران مسائل کی طرف توجہ دینےکے بجائے مختلف بہانے بنانے کا عوام نے الزام لگایا ہے۔

آئی آر بی کمپنی کی کمیوں کی طرف صرف ایک اشارہ کافی ہوگا کہ تعلقہ کے بینگا، چنڈیا، ہارواڑ، آورسا، ہٹی کیری ، وندیگے، بیلسے سمیت کئی مقامات پر شاہراہ کو مسطح نہیں کئےجانےکی وجہ سے جہاں تہاں پانی جمع ہوگیا ہے اورچھوٹے چھوٹے تالاب بن گئے ہیں، شاہراہ پر بنے مصنوعی تالاب سے گزرنے والی سواریاں توازن کھوکر حادثے کا شکار ہورہی ہیں۔ راستے کے ایک طرف پانی جمع رہنے سے دوسری طرف سواری کا دوسرا پہیہ رفتا ر پکڑ لیتاہے تو پانی میں پھنسا پہیہ دھیما رہنے سے ڈرائیور توازن کھو جاتاہے اور سواری حادثےکا شکار ہوجاتی ہے۔


Share: